کانز فلم فیسٹیول کی مہمان، پاکستان کی ماہرہ خان


فرانس: پاکستان کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان آج کانز فلم فیسٹیول میں بطورمہمان شرکت کرکے جلوے بکھیریں گی۔

کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پرجہاں دنیا بھرکے فلمی ستارے جلوہ گر ہوں گے تو وہیں ماہرہ خان بھی اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ شریک ہوں گی۔

’ہم سفر‘ گرل کانز فلم فیسٹیول میں معروف برانڈ لوریل کی برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

ماہرہ خان دنیا کے بڑے فلمی میلوں میں شمار ہونے والے کانز فلم فیسٹیول مٰیں شرکت کے لیے فرانس پہنچ چکی ہیں۔

فرانس پہنچنے پر ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر جاری کیں تو انہیں ان کے مداحوں نے بہت سراہا.

ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنے فینز کو بتایا کہ کانز فیسٹیول میں شرکت کے علاوہ ان کی کوئی خاص مصروفیت نہیں ہے اس لیے وہ فرانس کے موسم سے لطف اندوز ہونے میں اپنا وقت گزاریں گی۔

ماہرہ نے الیان کا سفید اور نیلے رنگ کا پھولدار لباس زیب تن کر رکھا تھا جو ان پر بہت جچ رہا تھا۔

ماہرہ خان نے فرانس میں اپنے قیام کے دوسرے روز کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ تصاویر میں پیلا رنگ زیب تن کیے ان کا حسن دوآتشہ لگ رہا تھا۔

ماہرہ نے معروف برطانوی فیشن برانڈ سولز کے تیار کردہ اسپرنگ سمر کلاکشن 2018 کے ساتھ کرسٹین لوبوٹن کے جوتے پہنے تھے جو نہایت جاذب نظر لگ رہے تھے۔

فلمی ستاروں کے میلے میں ماہرہ کی شرکت پر ان کے مداح بھی خوش ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کی لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ ماہرہ خان اپنے بہترین فیشن اسٹائل اور دل موہ لینے والی خوبصورتی سے کانز فلم فیسٹیول میں اپنی شرکت کو یادگار بنائیں گی۔

کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کے لیے دیپیکا پڈوکون، ایشوریہ رائے اور کنگنا رناوت بھی فرانس پہنچی ہیں۔


متعلقہ خبریں