سعودی شہری کاایک لاکھ نوادرات کا خزانہ


سعودی شہری نےایک لاکھ نوادرات جمع کر کے گھر میں میوزیم بنا لیا.

سعودی عرب میں نوادرات کے شوقین  شہری نے تین عشروں کی محنت سے  ایک لاکھ سے زائد نوادرات جمع کر لیں  ہیں اور اب ان کے گھر میں ایک بڑا میوزیم بن چکا ہے۔

سالم الحجوری کا تعلق مدینہ منورہ کے علاقے ینبع سے ہے اور انہوں نے وہاں پراپنے گھر میں ہزاروں کی تعداد میں بیش قیمت تاریخی نوادرات کا ایک بڑا ذخیرہ اکھٹا کررکھا ہے۔

العریبیہ کے مطابق سالم الحجوری نے بتایا کہ  انہوں نے  اپنے شوق سے گھر میں ایک میوزیم قائم کیا۔ بعد میں جنرل اتھارٹی برائے سیاحت اور قومی ورثہ سے عجائب گھر کا باقاعدہ لائسنس حاصل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق افغان نائب صدر امراللہ صالح کے گھر سے 6 ملین ڈالر اور سونے کی اینٹیں برآمد

اب یہ عجائب گھر ینبع میں آنے والے سیاحوں اور دوسرے لوگوں کے لیے ایک پرکشش مقام کا درجہ رکھتا ہے۔

میوزیم میں ایک لاکھ سے زیادہ تاریخی اور ثقافتی نوادرات شامل ہیں۔ میوزیم کو 5 اہم حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ پانچ حصے ورثہ میوزیم ، کرنسی میوزیم ، میری ٹائم میوزیم، رضویٰ میٹنگ میوزیم اور حج پاتھ میوزیم ہیں۔

سعودی  شہری  کا کہنا ہے کہ اس انوکھے میوزیم  کا  نام رضویٰ میوزیم رکھا  گیا ہے ۔ رضویٰ ینبع میں ایک اونچا پہاڑ ہے اور اسی پہاڑ کی نسبت سے اس عجائب گھر کا نام بھی موسوم کیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق میوزیم میں بحیرہ احمر سے ممی شدہ سمندری مخلوق کی باقیات ، سونے اور چاندی کے قدیم سکے، زیورات، بندوقیں، تلواریں ، خنجر اور ڈھالیں موجود ہیں۔

اس کے علاوہ برتن ، اوزار،علاقائی کلچر کی نمائندگی کرنے والے ملبوسات، نایاب کتب، اخبارات، پرانی کار پلیٹیں، مواصلاتی آلات اسپورٹ اور ڈرائیونگ کے لائسنس بھی میوزیم کا حصہ  ہیں۔

 


متعلقہ خبریں