غداری کے مقدمہ کے لیے نوازشریف کے خلاف تین تھانوں میں درخواستیں


سرگودھا: سابق وزیراعظم  نوازشریف کے خلاف پنجاب کے تین مختلف شہروں کے تھانوں میں مقدمات  درج  کرانے کے لیے  درخواستیں جمع کرا دی گئی ہیں۔

نوازشریف کی جانب سے ممبئی حملوں کے حوالے سے دیے گئے متنازعہ بیان  پر مقدمے کے اندراج کے لیے سرگودھا کے شہری امان اللہ نے فیکٹری ایریا پولیس تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف پاکستان کے حلف سے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں، دشمن ملک کے حق میں بیان دے کر ملکی اداروں کے خلاف سازش کی گئی ہے۔

فیکٹری ایریا پولیس نے شہری کی جانب سے دی گئی تحریری درخواست وصول کر لی  ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ساہیوال کے رہائشی عمران غزالی نے تھانہ فرید ٹاؤن میں نواز شریف کے خلاف درخواست جمع کرائی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف نے بانی ایم کیو ایم کی طرح ملک مخالف بیان دیا ہے اس لیے اُن کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

پنجاب ہی کے شہرظفروال میں بھی ایک شہری نے نواز شریف کے بیان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔

دو روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک انگریزی روزنامہ کو انٹرویو میں کہا تھا کہ ممبئی حملوں میں پاکستان ملوث ہے جس پر نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی کھلبلی مچ گئی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے نواز شریف کے بیان کی شدید مذمت کی گئی۔


متعلقہ خبریں