الیکشن ٹیکنالوجی کے ذریعے کرائیں گے، اپوزیشن صرف اپنے مفادات نہ دیکھے: شبلی فراز

وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے پیپرا رولز سے استشنیٰ مانگ لیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ایک ٹیکنالوجی ہی نہیں شفافیت پر مبنی سوچ بھی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت وہ عناصر کررہے ہیں جو دھاندلی کے ذریعے جیتتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی مخالفت وہی کرتے ہیں جو چاہتے ہیں کہ شفافیت نہ ہو۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان: الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد

ہم نیوز کے مطابق ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کے تمام انتخابات پر اعتراضات کیے جاتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اس وقت زراعت ، تجارت اور میڈیکل سمیت ہر چیز میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای وی ایم کی مخالفت کرنے والے نہیں چاہتے کہ الیکشن شفاف ہوں۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہم اپنے مفاد کے بجائے جمہوریت کے مستقبل کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کل اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں 37 گزارشات جمع کرائی گئیں جن میں سے 27 وہ ہیں جن کا ای وی ایم سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 نکات کا تعلق الیکشن کمیشن کی استعداد کار سے ہے۔

کیا پاکستان میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا قانون موجود ہے؟ مصطفیٰ نواز کھوکھر

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جمع کرائی گئی 37 گزارشات میں سے صرف 10 پوائنٹس کا تعلق الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے بھی قرار دیا ہے کہ الیکشن میں شفافیت کے لیے ٹیکنالوجی کو راستہ دینا چاہیے۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر نے زور دے کر کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے انتخابات کا شفاف انعقاد ضروری ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ 2023 کے انتخابات ٹیکنالوجی کے ذریعے کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کی تاریخ میں اہم سنگ میل ہو گا کیونکہ آئندہ ہونے والے انتخابات شفاف ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کا مشین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا مقصد ووٹ چوری کو سہولت دینا ہے، شاہد خاقان عباسی

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ میں اپوزیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے مفادات کو نہ دیکھے اور نوجوان نسل کے لیے فیصلہ کرے۔


متعلقہ خبریں