سلمان خان: دائر درخواست کی شنوائی، سیلمون بھوئی نامی ویڈیو گیم پر پابندی عائد


ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے سیلمون بھوئی نامی ویڈیو گیم پرعارضی پابندی عائد کردی ہے۔

سلمان خان کو ایئرپورٹ پہ روکنے والا افسر ہیرو بن گیا

بھارتی خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) اور مؤقر نشریاتی ادارے زی نیوز کے مطابق مبینہ طور پر ویڈیو گیم سیلمون بھوئی اداکار سلمان خان کے ہٹ اینڈ رن مقدمے پر مبنی ہے۔

ممبئی کی عدالت نے ویڈیو گیم بنانے والی کمپنی پیروڈی سٹوڈیوز پرائیوٹ لمیٹڈ اور ڈائریکٹر پر گیم کو لانچ کرنے، ری ٹوئیٹ کرنے اور یا اداکار سے متعلق کوئی اور مواد بنانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

عدالت نے ویڈیو گیم بنانے والوں کو گوگل پلے اسٹور اور دیگر پلیٹ فارمز سے فوری طور پر ویڈیو گیم ہٹانے، بلاک کرنے اور یا اس تک رسائی روکنے کا بھی حکم دیا ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق ممبئی کی عدالت نے واضح طورپر کہا ہے کہ  ویڈیو گیم اور اس کی تصاویر کو دیکھنے کے بعد معلوم ہوا کہ یہ بظاہر مدعی (سلمان خان) کی شناخت اور مدعی کے ہٹ اینڈ رن کے مقدمے سے مطابقت رکھتی ہے۔

رئیلٹی شو بگ باس کی میزبانی: سلمان خان آؤٹ؟ کرن جوہر ان

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سلمان خان نے کبھی گیم بنانے پر رضامندی ظاہر نہیں کی جس کی وجہ سے مدعی سے رازداری کا حق چھینا گیا اور ساکھ کو بھی داغدار کیا گیا۔

بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے گذشتہ ماہ ویڈیو گیم کے ڈویلپرز کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ویڈیو گیم کا نام اور اس میں دکھائی جانے والی تصاویر ان سے مطابقت رکھتی ہیں۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ سیلمون بھوئی سلمان خان کے مداحوں میں مشہور نام سلمان بھائی سے لیا گیا ہے۔

اداکار سلمان خان پر الزام تھا کہ انھوں نے 28 ستمبر 2002 کی رات نشے میں اپنی گاڑی ممبئی کے علاقے باندرہ میں امریکن ایکسپریس بیکری کے کنارے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر چڑھا دی تھی۔

ممبئی: عدالت نے سلمان خان کے خلاف تنقید یا تبصرے سے کے آر کے کو روک دیا

ممبئی کی ہائیکورٹ نے 2015 میں ہٹ اینڈ رن مقدمے میں بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کو تمام الزامات سے بری کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں