افغان پائلٹ نے امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر طالبان کے حوالے کر دیا


افغانستان میں طالبان کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد دیگر افغان ایئر فورس پائلٹس کی طرح فرار ہونے والے ایک پائلٹ نے امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر طالبان کے حوالے کردیا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ادریس مومند امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اڑا کر کابل سے اپنے شہر کنڑ لے گئے تھے۔

افغانستان میں بدخشاں ایئرپورٹ کے سابق کمانڈر اور پائلٹ نقیب اللہ ہمت نے نامعلوم مقام سے ٹیلیفون پر بتایا کہ جب کابل میں حالات کشیدہ ہوئے تو وہاں موجود سب لوگ پریشان تھے اور کسی کو سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیا کیا جائے۔

تاہم کابل سے ہیلی کاپٹر افغانستان کے دوسرے شہر کنڑ لے جانے کے بعد ادریس نے ہیلی کاپٹر افغان طالبان کے حکام کے حوالے کر دیا تھا۔

نقیب اللہ ہمت نے بی بی سی کو بتایا کہ ’بے یقینی کی صورتحال میں ادریس مومند ہیلی کاپٹر کنڑ لے گئے تھے جس پر انھیں تشویش لاحق تھی کہ کہیں اسے کوئی نقصان نہ پہنچا دے۔


ان کا کہنا تھا کہ اس پر انھوں نے کنڑ کے ولی سے رابطہ کیا جنھوں نے ادریس مومند کو ڈیڑھ لاکھ افغانی رقم دی اور تین افراد ان کی حفاظت کے لیے بھی بھیجے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ان میں سے بیشتر طیارے ازبکستان لے جائے گئے ہیں۔ کابل میں جو طیارے موجود تھے ان میں روسی ساختہ ہیلی کاپٹر اور بلیک ہاک امریکی ہیلی کاپٹر کھڑے تھے لیکن  بڑی تعداد میں ان طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔

تاہم ان میں کچھ طیارے اور ہیلی کاپٹر ایسے ہیں جن کی مرمت ہو سکتی ہے۔

نقیب اللہ ہمت کا کہنا ہے کہ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد 46 طیارے جن میں 22 ہیلی کاپٹر شامل ہیں، اس وقت ازبکستان میں موجود ہیں جبکہ فضائی عملہ اپنی پوزیشن چھوڑ چکا ہے جس کی وجہ سے افغان ایئر فورس اس وقت فعال نہیں ہے۔‘


متعلقہ خبریں