قصور: پنجاب کے ضلع قصور میں شوٹنگ کے دوران اداکارہ فضا علی زخمی ہو گئیں۔
پاکستانی ماڈل و اداکارہ فضا علی قصور میں گلوکار ملکو کے گانے کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اس دوران وہ گر کر زخمی ہو گئیں۔ اداکارہ ایک منظر کی عکس بندی کے دوران 8 سے 10 فٹ بلندی سے نیچے گر پڑیں۔
انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیو کے مطابق فضا علی پتھریلے اور اونچے مقام پر شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اس دوران انہیں منظر عکس بند کرنے کے لیے اونچے مقام پر بھیجا گیا۔
اداکارہ فضا علی بلندی پر موجود ایک پتھر پر چڑھیں تو اچانک نیچے کر گئیں اور ایک ہی بات ’میرا سر پھٹ گیا، میرا سر پھٹ گیا‘ دہراتی رہی۔
شوٹنگ کے عملے نے جب یہ منظر دیکھا تو وہ اداکارہ کی مدد کے لیے بھاگ کر وہاں پہنچا اور انہیں پانی پلا کر سہارا دینے کی کوشش کی۔ فضا علی نے وہاں موجود لوگوں کو بتایا کہ اُن کے سر میں شدید درد ہو رہا ہے اور آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فضا علی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا اور طبی امداد کے بعد گھر روانہ کر دیا۔