اسرائیل میں نایاب سرجری کے بعد جڑواں بچیوں کے جڑے ہوئے سر کامیابی سے الگ کر دیئے گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق گزشتہ سال اگست میں پیدا ہونے والی اسرائیلی جڑواں بچیوں کے سرکا پچھلہ حصہ آپس میں جڑا ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی خاتون اول کے پاؤں کا کامیاب آپریشن
رپوٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے بیرشبہ شہر کے سوروکا میڈیکل سینٹر میں 12 گھنٹے کا کامیاب آپریشن کیا گیا جس میں ماہرین ڈاکٹرز نے کئی مہینوں کی تیاری کے بعد جڑواں بچیوں کے سرکا پچھلہ حصہ الگ کر دیا۔
سوروکا کے پلاسٹک سرجری ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ایلڈڈ سلبرسٹین نے بتایا کہ دونوں بچیوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق سرجری سے کئی مہینوں پہلے جڑواں بچیوں کے سر میں انفلیٹیبل سلیکون بیگ ڈالے گئے تھے۔
چیف نیورو سرجن مکی گیڈون نے بتایا کہ تیاری میں جڑواں بچیوں کے تھری ڈی ورچوئل رئیلٹی ماڈل کی تخلیق بھی شامل ہے۔ انہوں نے کامیاب آپریشن پر خوشی کا اظہار کیا۔
مکی گیڈون نے کہا کہ امید ہے جڑواں بچیاں مکمل طور پر نارمل زندگی گزاریں گی۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی تاریخ میں پہلی بار جڑواں بچیوں کے جڑے ہوئے سر کا آپریشن کیا گیا جو کامیاب رہا۔ دنیا میں اب تک صرف 20 مرتبہ ایسا آپریشن کیا گیا ہے۔