گریٹر اقبال پارک کیس، 98 افراد رہا

گریٹر اقبال پارک کیس، 98 افراد رہا

لاہور: گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے بدسلوکی کیس میں گرفتار 98 افراد کو رہا کر دیا گیا۔

جیل حکام کے مطابق شناخت پریڈ میں شناخت نہ ہونے والے ملزمان کو کیمپ جیل سے رہا کیا گیا۔

عدالت نے گزشتہ روز خاتون سے بدسلوکی اور توڑ پھوڑ کے کیسز میں شناخت نہ ہونے والے افراد کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

حکام کے مطابق خاتون سے بدسلوکی کے معاملے میں 98 افراد اور توڑ پھوڑ کے کیس میں گرفتار 53 افراد کو عدالتی حکم پر رہا کردیا گیا ہے۔ عدالتی حکم پر دونوں کیسز میں مجموعی طور پر 151 افراد کو رہا کیا ہے۔

خیال رہے کہ خاتون نے جیل میں شناخت پریڈ کے دوران 8 ملزمان کو شناخت کر لیا تھا۔

جیل ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے بیان میں کہا کہ واقعے میں  12 سے 15 ملزمان ملوث  تھے۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے بعد خاتون ان کی شناخت کریں گی۔

خاتون جج کی موجودگی میں ملزمان کی شناخت کا عمل مکمل کیا گیا۔ کیمپ جیل کے سپرنٹنڈنٹ بھی شناخت پریڈ کے موقع پر موجود تھے۔

یاد  رہے کہ 14 اگست کے روز سو سے زائد افراد پر مشتمل ایک ہجوم نے اس وقت خاتون پر حملہ کردیا تھا جب وہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے ویڈیو بنارہی تھیں۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی گردش کرتی مختلف ویڈیوز میں متاثرہ لڑکی کو مدد کے لیے چیخ و پکار کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مینار پاکستان واقعہ، متاثرہ خاتون نے پولیس ٹیم کو بیان قلمبند کروا دیا

یہ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد لاہور پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف ۔مقدمہ درج کر کے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں