لاہور: کراچی سے اسلام آباد جانے والی قومی ایئرلائنز کی پرواز پی کے 308 کو لاہور ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا، پرواز میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی موجود تھے۔
پی آئی اے کی پرواز کو اسلام آباد میں خراب موسم کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر اتارا گیا، جسٹس ثاقب نثار اسٹیٹ لاؤنج کے بجائے پبلک لاؤنج میں شہریوں کے درمیان جا بیٹھے، ایئرپورٹ پر موجود مسافروں نے چیف جسٹس کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول کی جانب سے چیف جسٹس سے اسٹیٹ لاؤنج میں بیٹھنے کی درخواست بھی کی گئی جسے انہوں نے رد کردیا، چیف جسٹس نے ایئرپورٹ کے انتظامات کے حوالے سے جانچ پڑتال کی اور مسافروں سے بھی اس بارے میں دریافت کیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اسلام آباد کا موسم بہتر ہوتے ہی پرواز کو روانہ کردیا جائے گا۔