اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ: پاکستان نے میزبان روس کو شکست دے دی


ماسکو: پاکستانی بچوں پر مشتمل فٹبال ٹیم نے روسی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم نے میزبان روس کی ٹیم کو اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں شکست دی۔ پاکستان کے اسٹریٹ چلڈرن پر مشتمل ٹیم 2014 میں کانسی کا تمغہ جیت چکی ہے۔

اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز ہوا تو دنیا بھر سے 230 بچے گزشتہ روز ماسکو پہنچے۔ روس کے دارالحکومت پہنچنے والے یہ بچے 24 ٹیموں کا حصہ بن کر ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔

’مستقبل تم سے ہے‘ کی تھیم پر ہونے والے اس ’میلے‘ کا مقصد دنیا بھرمیں بے گھر بچوں کے حقوق کے شعورکو اجاگر کرنا ہے۔ فٹبال کے اس میلے کا انعقاد چندہ اکٹھا کرنے والی غیرسرکاری تنظیموں نے کیا ہے۔

انتطامیہ کا کہنا ہے فٹبال کے اس میلے کے ذریعے بچے ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، ان میں آگے بڑھنے کی لگن و جستجو پیدا ہوگی۔

اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ کے سفر کا آغاز 2010 میں جنوبی افریقہ سے ہوا اور برازیل سے ہوتا ہوا اب یہ ایونٹ روس پہنچا ہے۔ دنیا بھر سے 14 سے 17 سال کی عمر کے 230 بچے اس چھ روزہ ایونٹ میں شرکت کریں گے۔

روایت کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والا ملک ہی اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ کی میزبانی کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں