پیپلز پارٹی، ن لیگ، پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں سمجھتے، سراج الحق


لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں کوئی فرق نہیں سمجھتے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی انتخابات پر یقین رکھتی ہے اور کینٹ بورڈ راولپنڈی کی 37 میں سے 22 نشستوں پر ہمارے امیدوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے پاک انتخابی نظام پر اتفاق کرنا چاہیے۔ جمہوری نظام میں ارب پتی ہی پارلیمان میں پہنچ سکتے ہیں اور پارٹیاں بھی انہیں ٹکٹ دیتی ہیں جو 60، 70 کروڑ روپے پارٹی فنڈ میں دیں۔

سراج الحق نے کہا کہ عام آدمی چاہے جتنا بھی خدمت کا جذبہ لے کر آئے اس کے لیے پارلیمان کے راستے بند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سلامتی کونسل کے اجلاس میں مدعو نہ کرنے پر پاکستان کا مذمتی خط

نواز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کے شہری ہیں آنا چاہیں تو ان کی مرضی ہے۔ نواز شریف کے لندن رہنے یا واپس آنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی مشکلات پر ہے۔ اسد عمر پی ٹی آئی میں اور محمد زبیر ن لیگ میں بیٹھے ہیں اس لیے ہم پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں سمجھتے۔


متعلقہ خبریں