صوبائی وزیر کے بھائی کا قتل، ملزم سے ابتدائی تفتیش کر لی گئی


لاہور: صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی کے قتل میں ملوث ملزم سے ابتدائی تفتیش کر لی گئی۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کے قتل میں گرفتار ملزم نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ وہ شادی کی تقریب میں سوا 8 بجے آ یا اور اسے سیکیورٹی نے چیک ہی نہیں کیا۔

ملزم نے کہا کہ اسد کھوکھر اور ان کے بھائی مدثر دو بار میرے قریب سے گزرے اور جب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار واپس جانے لگے تو تینوں بھائی ان کے ساتھ تھے۔

ملزم ناظم نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے پیچھے پیچھے مارکی سے باہر آ گیا اور وزیراعلیٰ گاڑی میں بیٹھے تو آگے بڑھ کر مبشر پر فائرنگ کر دی۔ جس پستول سے فائر کیا اس کا لائسنس تھا اور 40 ہزار کا خریدا تھا۔

ملزم نے کہا کہ منشا نامی شخص کے قتل میں 8 سال جیل کاٹ کر آیا ہوں اور مبشر کے قتل کی منصوبہ بندی خود کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کی موجودگی میں صوبائی وزیر کا بھائی قتل

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے میں فائرنگ سے اسد کھوکھر کے بھائی مبشر جاں بحق ہو گئے تھے۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی تھی۔


متعلقہ خبریں