سیلابی ریلوں کو روکنے کے لیےمنفرد باڑ تیار


ڈبلن: آئر لینڈ کی کمپنی ڈیم ایزی نے سیلابی ریلوں کو روکنے کے لیے چھوٹے یونٹس پر لگائے جانے والی پلاسٹک کی باڑ بنا لی ہے جس کی مدد سے گھروں اور کمروں میں سیلابی ریلوں کا پانی داخل ہونے سے روکا جا سکے گا۔

ان رکاوٹوں کا رقبہ نٹ بولٹس کے ذریعے جوڑ کرحسب ضرورت بڑا اور اونچا بھی ہو سکتا ہے۔ باڑ کو نصب کرنے کے بعد اس کے ساتھ لگے ایئر پمپ سے ہوا بھری جاتی ہے جس سے اس کی اطراف میں موجود ربر پھیل جاتے ہیں اور یوں سطح واٹر پروف ہو جاتی ہے۔

آئر لینڈ میں اس ٹیکنالوجی کے تجربے کو پذیرائی مل رہی ہے، سیلاب کو روکنے والی دورا پلس نامی اس باڑ کو ری سائیکل پلاسٹک سے تیار کیا جاتا ہے، اسے سینٹی فورس پروڈکٹس کمپنی تیار کرتی ہے اور اس کا 335 میٹر لمبا حصار چھوٹے درجے کے سیلاب کو روک سکتا ہے۔

اس باڑ کو 2007 میں لنکن شائر کاؤنٹی میں آنے والے ایک درمیانے درجے کے سیلابی ریلے کے نقصانات کے بعد ڈیزائن کرنا شروع کیا گیا تھا کیونکہ اس سیلاب نے 110 مکانات کو نقصان پہنچایا تھا جبکہ 200 کے قریب رہائشیوں کو علاقہ چھوڑنا پڑا تھا۔

کاؤنٹی کونسل نے 2010 میں لیڈ لوکل فلڈ اتھارٹی بنانے کے بعد سے ہی علاقے میں سیلاب سے بچاؤ کی کوششیں شروع کر دی تھیں۔ اس انوکھی سیلابی باڑ نے ایک ایسا حل فراہم کر دیا ہے جس کے لیے بہت کم دیکھ بھال اور اخراجات کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں