آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس، پیراگون سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹیو کے دو بھائی گرفتار


لاہور: قومی احتساب بیورو نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں  ملوث پیراگون سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹیو ندیم ضیا  کے دو بھائی عمر ضیا اور منیر ضیا کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کارروائی ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے بعد عمل میں آئی۔ نیب کے مطابق ملزموں کو احتساب عدالت کے باہرسے گرفتار کیا گیا جہاں وہ شاہد شفیق سے ملنے آئے تھے۔

ملزم شاہد شفیق نے دوران تفتیش انکشاف کیا تھا کہ عمر ضیا اور منیر ضیا  پیراگون  سوسائٹی کے چیف ایگزیکیٹو ندیم ضیا کے ساتھ  مل کر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے ذمے دار ہیں جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا۔ ملزموں کو جسمانی ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزم شاہد شفیق پرالزام  ہے کہ انہوں نے سی ای او بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی حیثیت سے  ٹھیکہ لیا جبکہ ان کی گرفتاری سابق ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو حراست میں لیے جانے کے بعد عمل میں آئی تھی۔

آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل :

پنجاب حکومت کی جانب سے 2015 میں غریب افراد کے لیے ایک ایسے منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت مستحق افراد کو گھر فراہم  کیے جانے تھے اور اس کے لیے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم تیار کی گئی تھی۔ دو ارب روپے کی لاگت سے اس منصوبے کو تین برس میں مکمل کیا جانا تھا۔

منصوبے کے مطابق 128 کنال اراضی پر سات منزلہ عمارتوں میں 1280 فلیٹ تعمیرکیے جانے تھے۔ اسکیم کی تعمیراتی ذمہ داری تین مختلف کمپنیوں کو دی گئی تھیں لیکن دو برس گزر جانے کے بعد بھی جب مختص اراضی پر ایک اینٹ تک نہیں رکھی گئی تو نیب لاہورکی جانب سے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

اب تک اس کیس میں  سابق ڈی جی، ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت کئی گرفتاریاں ہوچکی ہیں۔


متعلقہ خبریں