وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ نورمقدم کیس کو ذاتی طور پر دیکھ رہا ہوں، اس میں ملوث کوئی مجرم نہیں ہوگا۔
’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نورمقدم کیس کو پہلے دن سے دیکھ رہا ہوں اور کیس کی تمام تفصیلات لے لی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ نورمقدم کیس کا قاتل کسی طور پر بچے گا نہیں۔ اس کیس سے سب کو ایک صدمہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے کیس کو بھی دیکھ رہا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: میرا بس چلے تو نورمقدم کے ملزم کو گولی ماردوں
وزیراعظم نے کہا کہ نورمقدم کےقتل کا واقعہ دو دن میں ہوا اور اس میں ملوث تمام کرداروں کو سزا ہوگی۔ انہوں نے کہا کوئی یہ نا سمجھے کہ نور مقدم کا قاتل بااثر ہونے کی وجہ سے بچ جائے گا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر شیخ رشید نے بھی کہا تھا کہ نور مقدم کیس کے ملزمان کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے اور اگر میرا بس چلے تو نور مقدم کے قاتل کو گولی مار دوں۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پوش علاقے میں ملزم ظاہر جعفر نے نورمقدم نامی لڑکی کو قتل کر دیا تھا۔ قاتل اور مقتولہ کی خاندانوں کے آپس میں تعلقات ہیں۔
تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او محمد شاہد کے مطابق نور مقدم کو تیز دھار آلے کی مدد سے گلا کاٹ کر ہلاک کیا گیا۔ نور مقدم کے قتل کی خبر سامنے آنے کے بعد سے پاکستان میں سوشل میڈیا پر کافی سخت ردعمل آیا۔