تھائی لینڈ: بندروں کی گینگ وار، ویڈیو وائرل

تھائی لینڈ: بندروں کی گینگ وار، ویڈیو وائرل

بینکاک: تھائی لینڈ کی ایک سڑک پر سینکڑوں بندروں کے دو گروپس نے گینگ وار کی شکل اختیار کر لی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ کے صوبے لوپبری میں بندروں کے دو گروپ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔ یہ دونوں گروپس خوراک کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے خلاف ڈٹ گئے۔

بندروں کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں بندر قریبی پارک سے نکل کر سڑک پر آ گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور ٹریفک جام ہو گیا۔ ڈر کے مارے لوگ بندروں کے قریب جانے سے اجتناب کرتے رہے اور بندروں کا تماشا دیکھنے کے لیے لوگوں کا رش لگ گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق بندروں کے درمیان یہ جنگ خوراک کی وجہ سے ہوئی۔ پارک کے ساتھ موجود مندر سیاحتی مقام ہے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے تاہم کورونا کی وجہ سے سیاحت پر پابندی ہے اور کوئی سیاح موجود نہیں تھا۔

اس سے قبل مندر میں آنے والے سیاح بندروں کو کھانا بھی دیا کرتے تھے لیکن اب سیاحوں کی آمد پر پابندی ہے اور مقامی افراد مندر کا رخ نہیں کر رہے تو بندروں کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے اور یہی وجہ بندروں میں لڑائی کی وجہ بنی۔

بندروں کے دو گروپوں کے آمنے سامنے آنے کی ویڈیو سے لگتا ہے کہ جیسے کسی فلم کا منظر ہے اور دونوں گروپ ایک دوسرے کو مارنے اور بھگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق اس گینگ وار میں کئی بندر شدید زخمی بھی ہوئے جن کا خون سڑک پر جگہ جگہ پھیلا ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں