سابق گورنر سندھ ممتاز علی بھٹو انتقال کر گئے


کراچی: سابق گورنر و وزیر اعلیٰ سندھ ممتاز علی بھٹو انتقال کر گئے۔

ممتاز علی بھٹو سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے کزن تھے اور ذوالفقار علی بھٹو کی کابینہ میں وفاقی وزیر بھی رہ چکے تھے۔

ممتاز علی بھٹو گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کا انتقال ہوا۔

اہل خانہ کے مطابق ممتاز علی بھٹو کی عمر 88 سال تھی۔

ممتاز بھٹو نے 22 دسمبر 1971 سے 20 اپریل 1972 تک سندھ کے آٹھویں گورنر کے فرائض سرانجام دیے، بعد ازاں یکم مئی 1972 سے 20 دسمبر 1972 تک وہ صوبہ سندھ کے 13 ویں وزیرِ اعلیٰ بھی رہے۔

ممتاز بھٹو 1967 سے 1988 تک پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے، بعد میں انہوں نے اپنی سندھ نیشنل فرنٹ کے نام سے سیاسی جماعت بنائی۔ ممتاز بھٹو نے 2017 میں اپنی سیاسی جماعت ’سندھ نیشنل فرنٹ‘ کو تحریکِ انصاف میں ضم کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں