بھارت: نجومی کا وزیر بننے کیلئے بیوی کو طلاق دینے کا مشورہ

بھارت: نجومی کا وزیر بننے کیلئے بیوی کو طلاق دینے کا مشورہ

نئی دہلی: بھارت میں نجومی نے شہری کو وزیر بننے کے لیے بیوی کو طلاق دینے کا مشورہ دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں وزارت حاصل کرنے کے خواہش مند شخص نے اس سلسلے میں جب نجومی سے رابطہ کیا تو اسے وزیر بننے کے لیے بیوی کو طلاق دینے کا مشورہ دیا گیا۔

نجومی کے مشورے کے بعد وزیر بننے کے خواہش مند شخص نے بیوی کو طلاق دینے کی حامی بھر لی۔

بھارت میں وزیر بننے کے خواہش مند شخص نے جب نجومی سے رابطہ کیا تو 48 سالہ راگھو ناتھ نامی نجومی نے مشورہ دیا کہ تمہاری بیوی تمارے وزیر بننے کی راہ میں رکاوٹ ہے اور اگر وزارت چاہتے ہو تو اپنی بیوی کو طلاق دے دو۔

مذکورہ شخص کی بیوی کو جب معلوم ہوا تو اس نے اپنے شوہر اور سسرالیوں کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ سسرال والے جہیز لانے پر مجبور کر رہے ہیں اور نجومی کے مشورے پر میرا شوہر مجھے طلاق دینا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فرنچ فرائز کی ایک پلیٹ کی قیمت 32 ہزار روپے

پولیس نے خاتون کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے نجومی کو گرفتار کر لیا اور تفتیش شروع کر دی۔

پولیس کے مطابق گرفتار نجومی کا کہنا ہے کہ اس نے خاتون کے شوہر کو مشورہ دیا تھا کہ وزیر بننا چاہتے ہو تو بیوی کو طلاق دینا ہو گی۔


متعلقہ خبریں