چین: 24 سال قبل اغوا ہونے والا بچہ بازیاب

چین: 24 سال قبل اغوا ہونے والا بچہ بازیاب

چین میں دو سال کی عمر میں اغوا ہونے والے بچے کو 24 سال بعد تلاش کرلیا گیا ہے۔ بازیاب ہونے والے لڑکے کو جلد اپنے والد گوگنگتانگ سے ملوایا جائے گا جنہوں نے اپنے  بچے کی تلاش میں 24 سال تک دن رات ایک کیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 51 سالہ گوگنگتانگ اپنے بیٹے سے بہت جلد دوبارہ ملاقات کریں، جنہیں دو سال کی عمر میں انسانی اسمگلروں نے صوبہ شانڈونگ میں ان کے گھر کے سامنے سے اغوا کرلیا تھا۔

چین کی وزارت عوامی تحفظ کے مطابق پولیس ڈی این اے ٹیسٹنگ کے ذریعہ گوگنگتانگ کے بیٹے کی شناخت کا پتہ لگانے میں کامیاب ہوگئی ہے جبکہ دو مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

گو گنگتانگ نے اپنے اغوا شدہ بیٹے کی 24 سال کی تلاشی کے دوران پورے ملک میں موٹرسائیکل پر 500،000 کلومیٹر تک کا سفر طے کیا اور 20 صوبوں کا چکر کاٹا۔

اس کے بیٹے کی گمشدگی پر سال 2015 میں ایک فلم بھی بنائی گئی تھی جس میں ہانگ کانگ کے سپر اسٹار اینڈی لاؤ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

چین میں بچوں کے اغوا کے واقعات ایک سنگین مسئلہ ہے اور ہر سال ہزاروں افراد جن میں زیادہ تر بچے اغوا کیے جاتے ہیں۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگنگتانگ کا بیٹا ہینان صوبے میں رہتا تھا۔ باپ اور بیٹے کو اس ہفتے کے آخر میں ملوایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: نائیجیریا میں100 سے زائد طلبہ اغوا

گوگنگتانگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ بچہ مل گیا ہے، وہ بہت زیادہ خوش ہیں اور آگے کی زندگی کے بارے میں خوش ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 1997 میں بیٹے کے اغوا کے بعد  گوگنگتانگ موٹرسائیکل پر ملک کے 20 سے زائد صوبوں کا سفر کیا۔ اس سفر کے دوران انہیں ٹریفک حادثات کا سامنا کرنا پڑا اور یہاں تک کہ ڈاکوؤں کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سفر کے دوران ان کی دس موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موٹر سائیکل پر بیٹے کی تصویر والے بینر اٹھائے  گوگنگتانگ پلوں کے نیچے سوتے رہے اور نقد رقم ختم  ہونے کی صورت میں وہ بھیک مانگ کر گزارہ کرتے رہے۔

اپنے بیٹے کی تلاش کرتے ہوئے  گوگنگتانگ چین میں لاپتہ افراد کی تنظیموں کا ایک ممتاز ممبر بھی بن گیا اور کم از کم سات والدین کو ان کے اغوا شدہ بچوں کے ساتھ دوبارہ ملوانے میں مدد کی۔

جیسے ہی اس بچے کی بازیابی کی خبر سامنے آگئی  چینی سوشل میڈیا صارفین نے گوگنگتانگ پر مبارکبادی کے پیغامات  کی بوچھاڑ کردی۔

ایک صارف نے مائکروبلاگنگ پلیٹ فارم ویبو پر لکھا کہ بہت سے والدین نے اپنے اغوا شدہ بچوں کی تلاشی سے متعلق بہت پہلے ہی دستبرداری اختیار کرلی ہوگی، لیکن  گوگنگتانگ بہت ہی حیرت انگیز شخص ہیں جنہوں نے ہمت نہ ہاری اور میں واقعتا اس کے لئے خوش ہوں۔

 


متعلقہ خبریں