لاہور: قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیراعظم کے پرسنل سیکریٹری فواد حسن فواد کو طلب کرلیا۔
نیب ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کوآشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کیس میں 25 مئی کو جبکہ شہبازشریف کو ذاتی حیثیت میں صاف پانی کمپنی کرپشن اسکینڈل میں چارجون کو طلب کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کومتعلقہ ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے اوراس بارے میں انہیں سوال نامہ بھی ارسال کردیا گیا ہے۔
شہبازشریف پرالزام ہے کہ انہوں نےغیرقانونی طورپرصاف پانی کمپنی کے منصوبوں کی منظوری دی تھی۔ اس کیس میں نامزد افراد پر کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا الزام ہے اورنیب چاراعلیٰ افسران ناصر قادر بھدل، ڈاکٹر ظہیر الدین، محمد سلیم اور محمد مسعود اختر کو گرفتار کرچکا ہے۔ ملزمان نے بہاولپور ریجن میں 116 واٹر فلٹریشن پلانٹس انتہائی مہنگے داموں نصب کیے تھے۔
دوسری جانب نیب نے فواد حسن فواد کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن پر تحقیقات شروع کر رکھی ہے اور ایف بی آر سے فواد حسن فواد کے اثاثوں کی تفصیلات بھی حاصل کی جا چکی ہیں۔