شوکاز نوٹسز کا جواب نہ دینے والوں کو پی ٹی آئی سے نکالنے کا فیصلہ


پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے شوکازنوٹسز کا جواب نہ دینے والے صوبائی اسمبلی کے ارکان کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے ترجمان شوکت یوسفزئی کے مطابق 12 ارکان نے شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا جن میں دینہ ناز، نگینہ خان، یاسین خلیل، قربان علی، ضیاء اللہ آفریدی، امجد آفریدی، وجیہہ الزماں، عبید مایار، جاوید نسیم، عبدالحق، خاتون بی بی  اور زاہد درانی شامل ہیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق آٹھ ارکان نے نوٹسز کے جواب داخل کرا دیے ہیں جن میں عارف یوسف، فوزیہ بی بی، سمیع اللہ، نرگس بی بی، معراج ہمایوں، فیصل زمان، نسیم حیات اور سردار ادریس شامل ہیں۔ شوکت یوسفزئی کے مطابق وضاحت جمع کرانے والے ارکان کے مستقبل کا فیصلہ ایک دو دن میں ہوجائے گا۔

جواب نہ دینے والے ارکان پہلے ہی پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کر چکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور ووٹ بیچنے میں ملوث 20 ایم پی ایز کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹسز جاری کیے تھے۔ انہوں نے  نوٹسز کا جواب نہ دینے والے ارکان کا معاملہ نیب میں بھجوانے کا بھی اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں