ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کا معاملہ پھر التوا کا شکار


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملی مسلم لیگ (ایم ایم ایل) کی رجسٹریشن پر کوئی فیصلہ کیے بغیر معاملے کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے۔

بدھ کے روز ملی مسلم لیگ کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ہم نے رجسٹریشن کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا، لیکن ای سی پی نے وزارت داخلہ کی رپورٹ پر ہماری رجسٹریشن نہیں کی۔

ایم ایم ایل کے وکیل نے کہا کہ پارٹی رجسٹریشن سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا۔ راجہ رضوان عباسی نے استدعا کی کہ دو ہزار افراد کی فہرست ہمارے پاس موجود ہے اسے ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔

تین رکنی بینچ کے ممبر الطاف ابراہیم نے کہا کہ رجسٹریشن کا معاملہ چیف الیکشن کمشنر کے سامنے پیش کریں گے اور سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

قبل ازیں عبالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے معاملے کی سماعت کی۔ بینچ میں بلوچستان اور پنجاب سے اتنخابی کمیشن کے ارکان شامل ہیں۔

ملی مسلم لیگ نے بطور سیاسی جماعت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن کی درخواست دی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پارٹی کے رجوع کرنے پر ای سی پی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے رجسٹریشن کے لیے دوبارہ متعلقہ ادارے سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں