بلوچستان کے ضلع چمن کے مرغی بازار میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں6 افرادجاں بحق اور14 زخمی ہوگئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکہ کے بعد بازار میں لوگوں کی آمدورفت بند کر دی گئی ہے۔
دھماکے سے دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں کواسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جن زخمیوں کی حالت زیادہ تشویشناک ہے انہیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکہ جے یو آئی نظریاتی کے رہنما مولانا عبد القادر کی گاڑی کے نزدیک ہوا جس کے نتیجے میں وہ معمولی زخمی ہوگئے ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ مولانا عبد القادر محفوظ ہیں۔ دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی اور شدت سے قریبی دیوار بھی گر گئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ مرغی بازار مشہور اور کافی گنجان آباز علاقہ ہے۔ دھماکے کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد نماز جمعہ کے بعد خریدو فروخت میں مصروف تھے۔
موٹر سائیکل کے قریب کھڑی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی اہلکار اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا ہے۔