دنیا کی سب سے معروف ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن چین کی وارننگ کے بعد تین ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 60 ہزار ڈالر کی حد کو چھو جانے والے بٹ کوائن کی قیمت 40 ہزار ڈالر پر گردش کر رہی ہے جس سے سرمایہ داروں کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
چین نے گزشتہ دنوں اپنے سرمایہ داروں کو متنبہ کیا تھا کہ وہ کریپٹو کرنسی میں سٹے بازی سے باز رہیں۔
اس سے پہلے ٹیسلا کے بانی ایلن مسک نے بٹ کوائن کو ماحولیات کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کاروں کی بٹ کوائن سے خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی تھی۔
جس کی وجہ سے بٹ کوائن کی قیمت میں دس فیصد تک گراوٹ آئی تھی۔
بٹ کوائن ماحولیات کیلئے کیوں نقصان دہ ہے؟ ایلن مسک نے بتا دیا
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق چین کے تین مالیاتی اداروں، نیشنل انٹرنیٹ فنانس ایسوسی ایشن آف چائنہ، چائنہ بینکنگ ایسوسی ایشن اور پیمنٹ اینڈ کلیرنگ ایسوسی ایشن آف چائنہ نے سوشل میڈیا پر ایک وارننگ جاری کی۔
ان چینی مالیاتی اداروں نے جنھیں چینی ریاست کی حمایت حاصل ہے، لوگوں کو خبردار کیا کہ اگر انھیں کرپٹو کرنسی کی تجارت کے دوران کسی قسم کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا تو انھیں کوئی تحفظ حاصل نہیں ہو گا۔
ان اداروں نے لوگوں کو خبردار کیا کہ کرپٹو کرنسی کی مالیت میں حالیہ تبدیلی لوگوں کے اثاثوں کے حفاظت کی خلاف ورزی ہے اور عام معاشی اور مالی امن کو متاثر کر رہی ہے۔