لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام کو معلوم ہے عمران خان قوم کے مسیحا ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ شہباز شریف نے گارنٹی دی تھی کہ نواز شریف واپس آئیں گے جبکہ نواز شریف ایک دن بھی بیرون ملک کسی اسپتال میں علاج کے لیے داخل نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو روک کر حکومت نے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا۔ ملکی مفاد کے فیصلے ہروقت کیے جا سکتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ظل سبحانی اور اس خاندان کا وطیرہ رہا ہے کہ اداروں کو متنازعہ بنا کر ذاتی مفاد حاصل کرتے ہیں۔ وہ کون سا خاندان تھا جس نے بغیر ویزے کے مودی کو گھر پر بلایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو معلوم ہے کہ عمران خان قوم کے مسیحا ہیں اور حکومت اداروں کے پیچھے کھڑی ہے جبکہ مہنگائی کے خلاف بھی حکومتی اقدامات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلیک لسٹ کا معاملہ: شہبازشریف کےمتعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج
معاون خصوصی نے کہا کہ ذخیرہ اندوز مافیا نے عید کے دنوں میں پولٹری کی قلت پیدا کر کے قیمتیں بڑھائیں تاہم اب حکومت مہنگائی سمیت تمام وائرس کا علاج کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایس او پیز پرعمل کر کے کورونا پھیلاؤ کو کم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور عوام اب بھی کورونا ایس او پیز پر عمل جاری رکھیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مرحلہ وار پوری قوم کو ویکسینیشن کا عمل مکمل کرنا ہے جبکہ روزانہ اجرت والے لوگ مالی مشکلات کا شکار ہیں۔