ماونٹ ایورسٹ پر 24 گھنٹے میں دوسری مرتبہ پاکستانی پرچم بلند

ماونٹ ایورسٹ پر 24 گھنٹے میں دوسری مرتبہ پاکستانی پرچم بلند

فوٹو: فائل


دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایورسٹ پر 24 گھنٹے میں دوسری مرتبہ سبز ہلالی پرچم بلند کر دیا گیا۔ 

پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نے ماونٹ ایورسٹ کو سر کر لیا ہے، اس سے قبل کل صبح  پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے ماونٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ماؤنٹ ایورسٹ بیس کیمپ: 17 کوہ پیماؤں میں کورونا کی تصدیق

آج ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے سرباز خان اب تک 8 ہزار میٹر سے بلند 7 چوٹیاں سر کر چکے ہیں، وہ ایک ماہ میں 8 ہزار میٹر سے بلند 2 چوٹیاں سر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

سرباز خان نے رواں برس16 اپریل کو انا پرنا چوٹی کو سر کیا، سرباز خان انا پرنا کو سر کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ سرباز خان کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ سے ہے۔

انیس سالہ شہروز کاشف نے کل صبح ماونٹ ایورسٹ سر کی۔ شہروز کاشف کو پاکستان کا کم عمر ترین کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

شہروز کاشف کی 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹی کی دوسری کامیابی ہے۔ شہروز کاشف 17 سال کی عمر میں براڈ پیک پر قومی پرچم لہرا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایورسٹ پر سبز ہلالی پرچم بلند

شہروز کاشف ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پانچویں پاکستانی بن گئے تھے۔

شہروز نے کل صبح 5 بج کر 5 منٹ پر ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا تھا۔ 8 ہزار 849 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ دنیا کی سب سے بلند چوٹی ہے۔ شہروز پاکستان سے اپنی مدد آپ کے تحت اکیلے نیپال گئے تھے۔


متعلقہ خبریں