وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ کے قدیمی گوٹھوں میں دہائیوں سے رہنے والے لوگوں کی زمین پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کیا الزام ہے کے یہ کام سندھ حکومت اور ایک معروف ہاؤسنگ سوسائٹی اشتراک سے کر رہے ہیں۔ اسد عمر نے کہا سندھ حکومت کو فوری وضاحت کرنی چاہئے۔
تشویشناک خبریں آ رہی ہیں کے سندھ کے قدیمی گوٹھوں میں دہائیوں سے رہنے والے لوگوں کی زمین پر قبضہ کیا جا رہا ہے. الزام ہے کے یہ کام سندھ حکومت اور بحریہ ٹاؤن باہمی اشتراک سے کر رہے ہیں. سندھ حکومت کو فوری وضاحت کرنی چاہئے. اگر حقیقت ہے تو تمام ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے
— Asad Umar (@Asad_Umar) May 9, 2021
وفاقی وزیر نے مطالبہ کیا کہ کہ اگر حقیقت ہے تو تمام ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
کراچی کے ضلع ملیر میں قائم پوش آبادی سے متصل دیہات کے رہائشیوں نے الزام لگایا ہے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی زبردستی ان کی زمینیں ہتھیانا چاہتی ہے، جہاں وہ کئی برسوں سے آباد ہیں۔
گزشتہ ہفتے ان دیہات کے رہائشیوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ناجائز قبضے کو روکا جائے۔
وہاں مقیم رہائشیوں کا کہنا ہے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ان کے راستے بند کر رہی ہے جب کہ کئی دیہات پہلے ہی مذکورہ سوسائٹی کی حدود میں آ چکے ہیں۔