وزیراعظم عمران خان جب کہیں گے استعفی دے دوں گا، عثمان بزدار



وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جب کہیں گے میں استعفی دے دوں گا۔

ہم نیوز کے پروگرام خبر اور تجزیہ میں میزبان مزمل سہروردی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے استعفے دینے سے متعلق افواہیں سنتا رہتا ہوں مگر اس پر کان نہیں دھرتا۔

عثمان بزدار نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مجھ سے کبھی کسی نے استعفیٰ نہیں مانگا اور نہ ہی وزارت اعلی چھوڑنے کا کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے کسی کو کیا مسئلہ ہوگا، میں تو اپنے کام سے کام رکھتا ہوں۔ اقتدار اللہ تعالیٰ کی امانت ہے، ہمیں لوگوں کی باتوں پر کان نہیں دھرنا چاہیے، کارکردگی بہتر کرنی چاہیے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اگر مجھ سے کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں۔

چودھری برادران سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کی بہت عزت کرتا ہوں، اگر محبت اور احترام کا رشتہ ہو تو اتحادیوں سے مسائل نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سینیٹ انتخاب میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

سرکاری افسروں کو دھمکیاں برداشت نہیں کریں گے، عثمان بزدار

جہانگیر ترین سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ تحریک انصاف کا حصہ ہیں ہمارے بھائی ہیں۔ ہمیں ان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترین گروپ کے لوگ ہمارے دوست ہیں ان سےروزانہ ملاقات ہوتی ہے، ہم سب لوگ متحد ہیں اور اکٹھے ہیں چلیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ساڑھے 11 کروڑ کا صوبہ ریموٹ کنٹرول سے نہیں چل سکتا،صوبے کے فیصلے کابینہ کرتی ہے،تمام لوگ آن بورڈ ہوتے ہیں۔


متعلقہ خبریں