ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.50 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 17.05 فیصد ہوگئی۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں کہا ہے کہ مرغی، چینی اور آٹا سمیت 18 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق زندہ مرغی 27 روپے 11 پیسے فی کلو مہنگی ہونے کے بعد فی کلو زندہ مرغی 288 روپے 72 پیسے کی ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق آٹے کا 20 کلوکا تھیلا 31 روپے 27 پیسےمزید مہنگا ہوا۔ آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت ایک ہزار 112 روپے 35 پیسے ہوگئی۔
اسی طرح چینی 78 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوئی، جس کے بعد چینی کی اوسط قیمت 96 روپے فی کلو ہوگئی۔
مزید پڑھیں: مہنگائی: ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مٹن 7 روپے 8 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ بیف 5 روپے 79 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ دال مونگ، دال ماش، گھی اور دودھ بھی مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 26 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
جاری رپورٹ کے مطابق انڈے اوسطاً 9 روپے 52 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔ پیازایک روپے 38 پیسے اور آلو 62 پیسے فی کلو سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 70 روپے 95 پیسے سستا ہوا۔