اسلام آباد: وزیر اعطم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے پاکستا ن میں جلد ویکسین بنانے کا عمل شروع کردیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسینیشن کا عمل آج سے جاری ہے اور ملک میں ویکسین کی فراہمی بروقت اور حکمت عملی کے ساتھ ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ روزانہ 3 لاکھ لوگوں کی ویکسینیشن ہو اور جون تک ایک کروڑ 90 لاکھ ڈوزز حاصل کرلیں گے جبکہ سال کے آخر تک 7 کروڑ لوگوں کی ویکسینیشن کا ہدف ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ دنیا کی بڑی کمپنیاں فائزر اور موڈرنا کو بھی طلب پوری کرنا مشکل ہو رہا ہے جبکہ کئی ممالک نے کورونا ویکسین کی برآمد پر پابندی لگا رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چین کے تعاون سے پاکستا ن میں جلد ویکسین بنانے کا عمل شروع کر دیں گے۔ پاکستان میں کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز 2 جنوری جبکہ بھارت میں 16 جنوری کو دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اب مفت کے گریڈ نہیں ملیں گے، امتحانات ہوں گے، شفقت محمود
معاون خصوصی نے کہا کہ ملک بھر میں 25 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگا چکے ہیں جبکہ ہم 3 کروڑ ڈوزز کے حصول کا معاہدہ کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کنسائنو ویکسین کی ٹیکنالوجی کی فراہمی میں چین نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان میں 10 کروڑ آبادی ویکسینیشن کے لیے اہل ہے۔ ویکسین دستیاب ہو گی تو لوگ خرید سکیں گے۔