وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے میں مزدوروں کے ساتھ بدسلوکی پر ایکشن لیتے ہوئے سعودی عرب میں پاکستان کے سابق سفیر علی اعجاز کو معطل کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹس میں عوامی رابطوں کے ذمہ دارعملے کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم انسپکشن کمیشن کو معاملے کی تحقیقات کی ذمہ داری دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انسپکشن ٹیم 15 دن میں تحقیقات مکمل کر کے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گا۔ کمیشن سفارتخانے کی جانب سے پاکستانیوں کو پریشان کیے جانے کی تحقیقات کرے گا۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کے سفیر سے جنرل (ر) بلال اکبر کی ملاقات
خیال رہے کہ سابق سفیر راجہ علی اعجاز نے کچھ روز قبل ایک الوداعی پیغام جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر ہوں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانہ محنت کش مزدوروں سے پیسے لیتا تھا، جس پر سفیر کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور ذمہ داروں کو مثالی سزا دی جائے گی۔