توانائی کا بحران ماضی کا قصہ بن چکا، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کا بحران ماضی کا قصہ بن چکا ہے۔

بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے توانائی کا مسئلہ حل کر دیا ہے اور 2025 تک ملک میں اضافی توانائی موجود ہو گی،  اب بجلی کی قیمتوں میں کمی لائیں گے۔

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ جب تک جی ڈی پی کی شرح سات فیصد نہیں ہو گی، غربت میں کمی لانا ممکن نہیں ہوسکے گا۔ اپنی حکومت کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے معیشت کو آزاد کر کے نہ صرف ٹیکس نیٹ وسیع کیا ہے بلکہ ٹیکسوں میں کمی بھی لائے ہیں۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بعد ازاں بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد گئے جہاں انٹرنیشنل میری ٹائم سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں سمپوزیم کا انعقاد بہت ضروری ہے۔

وزیر اعظم نے تقریب کے مدعوئین کو بتایا کہ اس وقت دنیا کی 80 فیصد تجارت سمندر کے راستے ہو رہی ہے جبکہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کی بنا پر وسط ایشیا کی ریاستوں کو تجارتی رسائی فراہم کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے 40 فیصد تجارتی خطے سے پاکستان منسلک ہے۔ اس جغرافیائی اہمیت کو استعمال کرتے ہوئے خطے کے دیگر ممالک سے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین مل کر ہی سی پیک کو کامیاب کرا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں