رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، کل ملک بھر میں پہلا روزہ ہو گا


رمضان المبارک سن 1442 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد پاکستان میں پہلا روزہ کل بروز بدھ ہو گا۔

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج منگل کی شام عید گاہ چارسدہ روڈ پشاور میں چیئر مین مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی سربراہی میں ہوا۔

بعد ازاں رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے دیگر ممبران کیساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں چاند نظر آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی مقامات پر چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ اسلام آباد،کراچی،بدین،سوات،مالکنڈ،راجن پور،قصورکے مقامات پررمضان کا چاند نظرآیا ہے۔ کل پہلا روزہ ہو گا۔ پورے پاکستان میں قوم ایک دن روزہ رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پشاورسے ایسا فیصلہ ہوا ہے جو پاکستان کے لیے وحدت کا پیغام ہے۔ اللہ پاکستان کوامن کا گہوارہ بنائے۔ ہم سب ملکردعا کرتے ہیں اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔

مزید پڑھیں: رمضان کے آخری عشرے میں وبا بڑھ سکتی ہے، اسد عمر

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت،محکمہ اوقاف،وزارت سائنس کا بھی شکرگزارہوں۔ آئیں سب اللہ کے حضوردعا کرتے ہیں پاکستان کے امن واستحکام،خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا تھا کہ اس سال پوری قوم ایک ساتھ روزہ رکھے گی اور ایک ساتھ عید منائے گی۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری پہلے ہی پیشگوئی کر چکے ہیں کہ بدھ کو پہلا روزہ ہو گا۔


متعلقہ خبریں