اسلام آباد: قومی اسمبلی کی نشست این اے 75 ڈسکہ کے معاملے کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا اعلان کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے لاپتہ ہونے والے پریذائیڈنگ افسران کے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ کے لیے انکوائری افسر کا تقرر کر دیا ہے اور صوبائی جوائنٹ الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل انکوائری افسر ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق انکوائری افسرپریذائیڈنگ افسران، سیکیورٹی عملے کی ڈیوٹی کی خلاف ورزیوں کی جانچ کرے گا جبکہ انکوائری افسر ماہرین اور اداروں سے مدد لے سکے گا۔ لاپتہ پریذ ائیڈنگ افسران صبح تک کہاں رہے پتہ چلایا جائے گا۔
انکوائری افسر تمام وفاقی و صوبائی اداروں سے مدد لے سکتا اور انکوائری افسر لاپتہ پریذائیڈنگ افسران کے بیانات بھی ریکارڈ کرے گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق انکوائری میں ٹرانسپورٹیشن اور سیکیورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ مبینہ کرپٹ پریکٹس میں ملوث افسران کا تعین کیا جائے گا جبکہ رزلٹ ٹمپرنگ اور پولنگ عملے کو لاپتہ کرنے میں مدد دینے والوں کا تعین بھی کیا جائے گا۔
انکوائری افسر 15 مئی تک اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کے 91 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن
واضح رہے کہ این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمشن کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔
عدالت نے حکم دیا تھا کہ حلقہ این اے 75 ڈسکہ پورے حلقے میں انتخابات ہوں گے۔عدالت نے الیکشن کمشن کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست خارج کر دی تھی۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو 10 اپریل کودوبارہ ڈسکہ میں الیکشن کروانے کا حکم دے رکھا ہے۔