کتے کے کاٹنے پر اراکین اسمبلی کی معطلی کے حکم پر شیری رحمان برہم

فوٹو: فائل


پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کی جانب سے کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر سندھ اسمبلی کے دو ارکان کو معطل کرنے کا حکم پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ 

شیری رحمان نے کہا کہ کتے کے کاٹنے کا تعلق اسمبلی ارکان سے جوڑنے پر افسوس ہوا، کتے کے کاٹنے کی وجہ سے فریال تالپور کی رکنیت منسوخ کرنے کا حکم قابل تشویش ہے۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر کا کہنا تھا کہ کیا وزیراعظم کے حلقے میں ایسے واقعات ہونے پر ان کو معطل کرنے کا حکم ہوگا؟

یہ بھی پڑھیں: کتے کے کاٹنے پر عدالت کا 2 ارکان سندھ اسمبلی کو معطل کرنے کا حکم

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کے تقدس کا خیال کیاجائے، کوئی نہیں چاہتا حلقے میں ایسے واقعات ہوں، عدالت فریال تالپور کے خلاف فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر سندھ اسمبلی کے دو ارکان کو معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے کتوں کے کاٹنے کے متعلق تحریری فیصلے میں کہا تھا کہ منتخب نمائندے کتوں کے کاٹنے کے کیسز پر قابو پانے میں ناکام رہے۔

تحریری فیصلہ میں کہا گیا تھا کہ کتوں کے کاٹنے کی خبریں آئے روز دیکھنے کو ملتی ہیں۔ منتخب نمائندے اپنی ذمہ داری پر پورا نہیں اتر رہے۔ معطلی کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر کو عدالتی فیصلے کی کاپی بھیجی جائے گی۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں  کہا کہ ایم پی اے رتوڈیرو اور جامشورو کی رکنیت معطل  کی جائے اور الیکشن کمیشن دونوں ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا حکم جاری کرے۔

مزید پڑھیں: کتے کے کاٹنے پر حلقہ کے ایم پی اے کیخلاف مقدمہ درج کرایا جاسکتا ہے، عدالت

خیال رہے کہ رواں برس فروری میں سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے کہا تھا کہ کسی شخص کو کتے کے کاٹنے پر متعلقہ افسران کے ساتھ علاقے کے ایم پی اے بھی ذمہ دار ہوگا، واقعہ کی صورت میں حلقہ کے ایم پی اے کے خلاف مقدمہ درج کرایا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں