عالمی و با قرار دیے جانے والے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث راولپنڈی کے 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی کے علاقے صادق آباد کی گلی نمبر 4 اور علامہ اقبال کالونی کی گلی نمبر 27 میں لاک ڈاوَن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک پراجہ میں بھی اسمارٹ لاک ڈاوَن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے چاروں علاقوں میں آج رات 12 بجے سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا کیسز میں اضافے کے باعث لاہور شہر کے مزید 16 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا تھا۔
کورونا: اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ
ہم نیوز کے مطابق سیکریٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے تحت کینٹ 5 اور داتا گنج بخش ٹاؤن کے دو علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کاہ تھا کہ ماہرین صحت کی رائے کے مطابق پنجاب کے جن 6 اضلاع میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے زائد ہے وہاں 15 دن تک سخت ایس او پیز لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ان اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے، پارکس، ان ڈور شادی ہال، مزارات، میلوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی جبکہ مارکیٹس شام 6 بجے بند کر دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کچھ شہروں میں برطانیہ میں پائے جانے والے کورونا وائرس کی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے۔