پیپلز پارٹی نے صادق سنجرانی کو ووٹ کیوں دیا تھا؟ بلاول نے انکشاف کردیا

صادق سنجرانی نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا وعدہ کیا تو ووٹ دیا، بلاول

 چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ صادق سنجرانی نے کہا تھا کہ وہ سینیٹ چیئرمین منتخب ہونے کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ صادق سنجرانی پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے میرے سامنے حلف اٹھانے کو بھی تیار تھے۔

سینیٹر اسلام الدین شیخ کی جانب سے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے سینیٹرز کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت ہمارے ساتھیوں کا خیال تھا کہ ن لیگ کے ساتھ مل کر سیاست نہیں ہوسکتی۔

بلاول نے کہا کہ سوشل میڈیا پر صادق سنجرانی کی مبینہ طور پر ایک پرانی ویڈیو چل رہی ہے، کسی کو یہ علم نہیں کہ  ہم نے صادق سنجرانی کو سینیٹ چیئرمین کیلئے کیوں ووٹ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کر دیا

بلاول نے کہا کہ صادق سنجرانی کو حلف اٹھانے سے منع کیا اور کہا کہ آپ کی بات پر اعتبار ہے۔ صادق سنجرانی نے اپنے وعدے کی پاسداری نہیں کی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کو ہر طرف سے بلاک کردیا ہے۔ تحریک انصاف کو بلاک کرنا ہماری کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں جیت یوسف رضا گیلانی کی ہوگی۔ پی ڈی ایم کل سینیٹ میں کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کرے گی۔ کسی صورت میں بھی سینیٹ کا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین پی ٹی آئی سے نہیں ہوگا۔ سیاست دانوں کو ان کا مثبت کردار ادا کرنے دیا جائے۔

سینیٹر اسلام الدین شیخ کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں میں یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفور حیدری  اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سینیٹرز نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں