وزیراعلیٰ پنجاب کا عثمان بزدار نے بغیر پروٹوکول صوبےکے چار شہروں کا دورہ کیا ہے۔ فرائض سے غفلت برتنے اور عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی پر پچیس افسروں کیخلاف ایکشن لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان، تونسہ شریف، ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ کا اچانک دورہ کیا۔
عثمان بزدار نے بارہ افسر معطل کر دیے ہیں۔ سی پی او اور ڈپٹی کمشنر ملتان سمیت چار افسران کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جو کام کرے گا، وہی عہدے پر رہے گا۔
گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ پنجاب نے عوامی مسائل حل نہ کرنے اور منصوبوں میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سرزنش کی اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات سیکرٹریز کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ متعلقہ سیکرٹریز عوامی مسائل فوری حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں جبکہ محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا اور سست روی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کوتاہی پر ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے گی اور عوام کی توقعات پر نہ اترنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ جو نتائج نہیں دے گا وہ پنجاب میں نہیں رہے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کو ہٹانے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں، لیکن معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کی تبدیلی کے باتیں دیوانے کی بڑھکیں ہیں۔