سینیٹ: ایم کیو ایم اور جی ڈی اے نے حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کردیا

سینیٹ: ایم کیو ایم اور جی ڈی اے نے حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کردیا

اسلام آباد: حکومت کی اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے سینیٹ (ایوان بالا) انتخابات میں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے پنجاب فارمولے اور چار نشستوں کی پیشکش کی، پی ڈی ایم

ہم نیوز کے مطابق حکومت کی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے زبیدہ جلال کے گھر پر ملاقات کی۔

سینیٹ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ہونے والی ملاقات کے بعد کہا کہ تین مارچ تاریخی دن ہو گا، اس دن کامیاب ہوں گے۔

ہم نیوز کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہوں اور سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت نہ ہو۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سید امین الحق اور جی ڈی اے سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سمیت دیگر وفاقی وزرا اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے تین بار سینیٹ میں کامیابی دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میرا خاندان گزشتہ 70 سال سے سیاست میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی موقع ملتا ہے ہم پاکستان کی خدمت کے لیے حاضر ہوتے ہیں۔

سینیٹ انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، شبلی فراز

وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ بیرون ملک پاکستان کا نام روشن کیا جو میرے لیے ایک اعزاز ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم تحریک انصاف کی بڑی اتحادی جماعت ہے اور وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ڈویلپمنٹ پیکج پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں ںے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ وفاقی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

سید امین الحق نے الزام عائد کیا کہ ہمارے مختلف اراکین اسمبلی کو ڈرایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کسی بھی مرحلے پر وزارت کی بات نہیں کی اور صرف شہری ترقی کی بات کی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی پی نے سندھ اور کراچی کو تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 سال میں حکومت سندھ نے کراچی کو 13 بسیں نہیں دیں۔

ہم نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ فیصلہ ایم کیو ایم پاکستان باہمی مشاورت کے ساتھ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

سینیٹ الیکشن: قومی اسمبلی میں کس کا پلڑا بھاری؟

ہم نیوز کے مطابق جی ڈی اے کی رہنما اور وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر مرحلے پر حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے حکومت کی اتحادی جماعت ہے اور ہم حکومت کا حصہ ہیں۔


متعلقہ خبریں