ڈی ایچ اے لاہور سٹی اسکینڈل مقدمہ کی سماعت آج

ڈی ایچ اے لاہور سٹی اسکینڈل مقدمہ کی سماعت آج | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: احتساب عدالت آج ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی سٹی لاہور (ڈی ایچ اے سٹی لاہور) میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی دھوکہ دہی کے مقدمہ کی سماعت کرے گی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے ڈی ایچ اے اور ایک شہری کی شکایت پر اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ملزمان حماد ارشد، مراد ارشد اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ کے خلاف چھان بین شروع کی تھی۔

احتساب عدالت میں درج کرائے گئے مقدمہ میں نیب نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزمان حماد ارشد اور مراد ارشد نے ڈی ایچ اے حکام کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 25 ہزار کنال اراضی کی بجائے صرف 13 ہزار 92 کنال اراضی مہیا کی۔

دوارب دس کروڑ روپے وصول کرنے کے باوجود ڈی ایچ اے کو مکمل اراضی نہیں دی گئی بلکہ جو زمین حوالے کی گئی وہ بھی معاہدے کے مطابق ایک جگہ موجود ہونے کے بجائے چار ٹکڑوں میں بٹی ہوئی تھی۔

نیب نے انکشاف کیا کہ مہیا کی گئی اراضی کا زمین پر کوئی وجود ہی نہیں ہے بلکہ وہ ایک دریا ہے جہاں کوئی سڑک بھی نہیں جاتی۔

ڈی ایچ اے سٹی لاہور کے منصوبہ میں شامل 25 ہزار کنال اراضی میں سے30 فی صد پلاٹس پاک فوج کے شہدا کے لواحقین کو دیے جانے تھے۔

ملتی جلتی خبر: سپریم کورٹ نےبحریہ ٹاؤن کے منصوبوں کو غیر قانونی قراردےدیا

ملزمان نے ڈی ایچ اے کے نام پر 10545 جعلی الاٹمنٹ لیٹرز بھی جاری کیے اور حاصل کردہ 15 ارب 47 کروڑ 60 لاکھ روپے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیے۔ ملزمان نے پانچ جون 2013 کو ڈی ایچ اے کی مرضی کے بغیر ایک ارب 34 کروڑ روپے سے زائد رقم بھی اکاؤنٹ سے نکالی تھی۔

14 جون 2010 کو ڈی ایچ اے اور گلوبیکو کمپنی کے ڈائریکٹر حماد ارشد کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا اور نیب کو دو مارچ 2011 کو ملزمان  کے خلاف پہلی شکایت موصول ہوئی تھی۔ چارفروری 2015 کو نیب نے شکایات موصول ہونے کی تصدیق کی تھی۔

چار مئی کو شہری نعمان دائود، ڈی ایچ اے اور دیگر کی جانب سے شکایات پر ملزمان حماد ارشد، مراد ارشد اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ کے خلاف انکوائی شروع کی گئی تھی۔

عدالت  ڈی ایچ اے لاہور سٹی فراڈ اسکینڈل میں ملوث ملزمان کامران کیانی اور طارق صدیق کو مفرور قرار دے چکی ہے اور ملزمان کی انٹرپول کے زریعے گرفتاری کے لیے نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی ارسال کیا جا چکا ہے۔


متعلقہ خبریں