لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، شیخ رشید


اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کے لواحقین نے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے ملاقات میں لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کے حوالے سے لواحقین سے بات چیت کی۔

لاپتہ افراد کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے تمام ادارے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے بہت سے گمشدہ افراد کو بازیاب بھی کرایا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے آج کابینہ اجلاس میں گمشدہ افراد سے متعلق قانون لانے کا کہا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزارت قانون گمشدہ افراد سے متعلق قانونی پہلووں کا جائزہ لے رہی ہے۔ گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے تمام حکومتی وسائل بروئے کار لائیں گے۔

مزید پڑھین: ’لاپتہ افراد کے لئے قائم قومی کمیشن نے 4 ہزار 268 کیسز نمٹا دیے‘

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں بلوچستان کے لاپتہ افراد کے لواحقین سے ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اقتدار سے پہلے بڑے بڑے بیانات دیے جاتے ہیں لیکن اقتدار کے بعد بھی عوام کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے بیک ڈور رابطے کیے ہیں، فواد چودھری کا دعویٰ

مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ سلیکٹڈ ہیں پھربھی آپ کوعوام کا خیال رکھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ سردی میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، وزیراعظم آئیں اور ان کے سروں پر ہاتھ رکھیں۔ شہریوں کو تحفظ دینا ریاست کا فرض ہے۔


متعلقہ خبریں