لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے جمہوریت کو بے حد نقصان پہنچایا ہے جبکہ عمران خان کے پاس کوئی منشور نہیں۔
لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے نوازشریف اورعمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ میاں صاحب نے پاکستان کو کھوکھلا کردیا ہے اور عمران خان کے پاس سوائے لمبی تقریروں کے کوئی پالیسی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے جنوبی پنجاب صوبے کی مخالفت کی لیکن ہم خیبرپختونخوا ( کے پی) کو بہت جلد خوشخبری دیں گے۔ اٹھارویں ترمیم تمام صوبوں کے لیے تھی، فاٹا کے عوام بھی ہمارے طرح ہی پاکستانی ہیں اس لیے انہیں ان کا حق ملنا چاہیئے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان پبلک لمیٹڈ کمپنی نہیں بلکہ ایک قوم اورملک ہے، پاکستان کی سیاست اس وقت مشکل حالات میں ہے، ہم پاکستان کو دوبارہ عزت دلائیں گے اور اس کی ساکھ بحال کریں گے۔
آصف زرداری نے دعویٰ کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب کامیابی پیپلزپارٹی کے قدم چومے گی۔
سابق صدر نے کہا کہ ہم انتخابات جیتنے کے بعد کاشتکاروں کو پانچ سو روپے میں یوریا کھاد دیں گے جبکہ شہروں میں غریبوں کے لیے راشن کارڈ دیے جائیں گے۔