آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: مولانا فضل الرحمان کے 5 قریبی ساتھی نیب کے سامنے پیش


پشاور: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف مبینہ کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ان کے 5 قریبی ساتھی قومی احتساب بیورو (نیب) پشاور  کے سامنے پیش ہوئے۔

نیب ذرائع کے مطابق  مولانا فضل الرحمان کے پانچ قریبی ساتھی بشمول ابرار احمد، محمد جلال، دین محمد اور ابرار علی شاہ نے اپنے بیانات ریکارڈ کر ا دیے۔

نیب ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھیوں کو سوال نامہ بھی دیا گیا۔ نیب ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے خلاف مبینہ کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ ریفرنس کیس، جج نیب کے گواہ پر برہم

خیال رہے کہ اس سے قبل نیب نے مولانا فضل الرحمان کے دو قریبی ساتھی گل اصغر اور نور اصغر کو بطور گواہ پیش ہونے کے لیے طلب کرلیا تھا۔

ذرائع کے مطابق دونوں گواہوں کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے اور وہ مولانا فضل الرحمان کے بہت ہی قریبی بندے ہیں۔ دونوں گواہان باپ بیٹے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ صورتحال ایسی نہیں کہ قومی احتساب بیورو کو برداشت کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اب ہم جیلوں کی طرف رخ موڑنے کو تیار ہیں۔ ہم پوری قوم کے جمہوری حق کی جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ اوچھے ہتکھنڈے استعمال کرنے سے ملک میں انتشار پھیلے گا۔


متعلقہ خبریں