اسلام آباد مارچ روکنے کیلئے شیخ رشید ہی کافی ہیں، علامہ طاہر اشرفی


لاہور: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مارچ روکنے کیلئے شیخ رشید ہی کافی ہیں۔

پاکستان علما کونسل کے چیئرمین اور وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نیا بلدیاتی نظام تبدیلی لائے گا۔ ملک کے آئین کی خلاف ورزی کرنے والا پاکستانی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی اپوزیشن میں اتفاق نہیں کہ کس نے استعفیٰ دینا ہے جبکہ سینیٹ الیکشن اپنے وقت پر ہی ہو گا۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ اسلام آباد مارچ روکنے کے لیے ایک شیخ رشید ہی کافی ہیں جنوری میں مہنگائی مزید کم ہو گی۔ اپوزیشن کی طرف سے استعفے آئے تو دیکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ توہین رسالتﷺ کے قانون کا غلط استعمال کرنے والوں کو روکیں گے۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے شہری حقوق حاصل ہیں اور اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ لاہور میں جب عیسائیوں پر حملہ ہوا تو مسلمانوں نے خون عطیہ کیا تھا لیکن فرانس میں جو ہوا وہ ایک اچھے معاشرے میں نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کو کہتے ہیں ملک کے استحکام کے لیے آؤ بیٹھ کر بات کریں۔ بلوچستان ہمارا سر، خیبر پختونخوا آنکھیں اور سندھ ہمارا دل ہے۔


متعلقہ خبریں