پی ڈی ایم جماعتیں لاہور جلسے کے بعد بر ی طرح بے نقاب ہو گئیں، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور جلسے کے بعد  پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ میں شامل جماعتیں بے نقاب ہوگئیں۔

ہم نیوز کے مطابق پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے سامنے جعلی بیانیے کی مکمل حقیقت آ چکی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لاہوریوں نے پی ڈی ایم شو کو مسترد کر کے بڑا فیصلہ دیا۔  پی ڈی ایم کے جلسوں میں غیر جمہوری مطالبات کیے جا رہے ہیں۔ اپوزیشن کی جماعتوں میں ڈکٹیٹر شپ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ عوام ان کے بیانیے کو کبھی قبول نہیں کریں گے، صاف صاف بتا دوں کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ استعفوں کے معاملے پر پوری پی ڈی ایم کنفیوژن کا شکار ہے۔ لاہور جلسے میں مداخلت نہ کرنے کا حکومتی فیصلہ درست تھا۔

پارٹئ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات اور جلسوں میں ناکامی کے بعد پی ڈی ایم بیانیہ دم توڑ چکا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے پی ڈی ایم جلسہ سمیت قومی معاملات پر رہنماوَں سے مشاورت کی۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم جلسہ: مولانا فضل الرحمان کا لانگ مارچ کا اعلان

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مہنگے جلسے کے ذریعے این آر او لینے کی کوشش کی گئی، اپوزیشن کے لیے افسوسناک جواب ہے کہ این آر او نہیں ملے گا۔

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے لاہور جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم نے بہت ساری رقم، وقت، کوشش کر کے سنگدلی کا مظاہر کیا، لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالی گئیں۔

عمران خان نے کہا تھا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے لیے شہریوں کی حفاظت کتنی اہم ہے، یہ سب لوٹی ہوئی دولت کو بچانےاور این آر او کے لیے مجھے بلیک میل کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک بار پھر اعادہ کرتا ہوں کہ میں کبھی ان کو این آر او نہیں دوں گا۔


متعلقہ خبریں