بطور وزیر داخلہ نواز شریف کو پیغام ہے بہت ہوگیا، شیخ رشید


اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ  رشید نے کہا ہے کہ بطور وز یر داخلہ نواز شریف کو پیغام ہے بہت ہوگیا، اب مزید نہیں چلے گی۔ ملکی اداروں کے خلاف بولنا آپ کے ہر ایجنڈے کا حصہ ہوتا ہے.

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ نے اپنی سیاست کو دفن کیا۔ پی ڈی ایم والے استعفے دیں ہم منتظر ہیں۔ لاہور جلسے میں مولانا فضل الرحمان کے مدرسہ سے لوگ نہ آتے تو ان کو مایوسی ہوتی۔ محمود خان اچکزئی جہاں جاتے ہیں گل کھلاتے ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 5 سالہ مدت پوری کریں گے۔ آپ کہتے ہیں عمران خان سے بات نہیں ہوگی تو بتائیں کن سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم این آر او اور نیب کے علاوہ ہر بات کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں:

انہوں نے کہا کہ استعفیٰ دینے کی بات کرتے ہو آپ عملا تو دیں ہم خیرمقدم کریں گے۔ انتخابات ہارنے کے بعد انسان نفسیاتی مسائل سے دوچار ہوجاتاہے۔ اپوزیشن کے 10 لوگ انتخاب ہار ے ہوئے ہیں۔ 11 میں سے سوائے بلاول اور اختر مینگل کے کوئی منتخب نمائندہ نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ کراچی میں اردو بولنے والوں کیخلاف بات کی گئی جبکہ لاہور میں بھی غیر ذمہ دارانہ بات کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کا چارج دیا ہے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ بیرون ممالک قید پاکستانیوں کو واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں