رمشا کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، رپورٹ


کراچی: ‘ہم نیوز’ نے گزشتہ روز قتل ہونے والی 18 سالہ رمشا کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ حاصل کرلی ہے جس کے مطابق اسے زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رمشا کے ہاتھ  پاؤں ٹوٹے ہوئے تھے اور جسم کے نازک حصوں پرتشدد کے نشانات موجود تھے۔

تفتیشی ذرائع نے’ہم نیوز‘ کو بتایا کہ ملزم نے مقتولہ پر بے دردی سے تیزدھار نوکیلی چیز سے وارکیے۔

پولیس حکام کے مطابق مالک مکان سمیت سات افراد کو گرفتارکرکے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ان کے ڈی این اے ٹیسٹ بھی لے لیے گئے ہیں۔

پوسٹ مارٹم کے دوران حاصل کیے گئے نمونے بھی ڈی این اے کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زیادتی میں ملوث افراد کی نشاندہی ڈی این اے رپورٹ آنے کے بعد ہی ہو سکے گی۔

گزشتہ روز نیو کراچی میں 18 سالہ رمشا اور اس کے دس سالہ بھائی کو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

مقتولہ رمشا کی والدہ ایک فیکٹری میں ملازمت کرتی ہیں اور انہیں دس سال پہلے طلاق ہوگئی تھی۔

مقتولہ کی والدہ نے بیان دیا ہے کہ جب وہ گھر پہنچیں تو دونوں شدید زخمی حالت میں فرش پر پڑے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹے کی سانس چل رہی تھی جبکہ بیٹی دم توڑ چکی تھی اوراس کا ایک ہاتھ مڑا ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں