سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم سمجھتی ہے حکومت بٹن دبائے گی اور تبدیلی آ جائے گی۔
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت سے قوم امید لگا لیتی ہے کہ ترقیاتی کام جلد ہوں گے، پیسہ عوام کا ہوتا ہے اور جلد بازی میں اشتہارات پر پیسہ لگائے جاتے ہیں تاکہ عوام میں تاثر قائم ہو کہ حکومت کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا شہر بغیر کسی پلان کے پھیلتا جا رہا ہے جس سے سیوریج سمیت دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ شہروں کے لیے ماسٹر پلان بنائیں کیونکہ آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے، اگر زرعی زمین پر شہر بننا شروع ہو جائیں تو اناج کی قلت ہو جائے گی۔
جس دن سے ہماری پارلیمنٹ شروع ہوئی ہے، اپوزیشن بولنے ہی نہیں دیتی، عمران خان
وزیراعظم نے کہا کہ صوبے میں عوامی فلاح کیلئے اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دیتا ہوں،عثمان بزدار بڑے شہروں میں ترقیاتی منصوبے لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شہر کیلئے جامع منصوبہ مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کریگا، شہروں کا سیوریج سسٹم بہتر بنانے کی ضرورت ہے،ماسٹر پلان بننے سے شہروں میں صحیح معنوں میں تبدیلی آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کے لیے 17ارب روپے کا پیکج دیا ہے، اس شہر کو پانی پارکس اورسیوریج کے منصوبوں کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سیالکوٹ کے تاجروں کی مدد کرے گی، سیالکوٹ کے صنعت کاروں نے اس شہر کو ایکسپورٹ کا حب بنا دیا ہے۔