آصف زرداری کیچڑ اچھالنے اور تاریخ مسخ کرنے سے گریز کریں، نوازشریف


لاہور: سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کا بیان قیادت کرنے والے کے شایان شان نہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ کیا آصف علی زرداری اتنے بھولے اور معصوم تھے کہ میرے ورغلانے میں آگئے ؟ اور اب تین سال بعد آصف زرداری کو سچ بولنا یاد آ گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ اینٹ سے اینٹ بجانے والے بیان پرمیں نے اسی شام آصف زرداری کو ناپسندیدگی کا پیغام بھیجا اوراگلے روز طے شدہ ملاقات بھی منسوخ کردی تھی۔

اُنہوں نے اُس وقت کیوں نہیں بتایا کہ پٹی میں نے پڑھائی تھی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ  آصف علی زرداری بتائیں کہ کس نے تحریری معاہدوں سے انحراف کیا ؟

وہ یہ بھی بتا دیں کہ وہ کس کی کٹھ پتلی ہیں اورمیرے پاس کس بڑے سیاست دان کے ساتھ آئے تھے ؟ اگر وہ کل میری زبان بول رہے تھے تو آج کس کی زبان بول رہے ہیں ؟

نواز شریف نے کہا کہ بہتر ہوگا ذاتی الزام تراشیوں کا دفترنہ کھولیں اور اپنی توجہ انتخابات پر مرکوز رکھیں کیونکہ اُن کی جماعت دیہی سندھ تک سُکڑ چکی ہے۔

آصف زرداری جانتے ہیں کہ ڈاکٹر عاصم یا دوسروں کے خلاف کارروائیاں کس کے کہنے پر ہورہی ہیں۔

نواز شریف نے مشورہ دیا کہ زرداری صاحب نوشتہ دیوار پڑھنے کی کوشش کریں اور مجھ پر تنقید نہ کریں ، میں اس وقت اصولی اور نظریاتی مشن کی جدوجہد میں مصروف ہوں۔


متعلقہ خبریں